مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عید الاضحی کے لیے 3047 مساجد اور عید گاہیں مختص

0
162

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے محکمہ مذہبی امور اور دعوت و ارشاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت بھر میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے عید گاہوں اور مساجد کو مختص کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں(آج) بدھ کے روز عیدالاضحیٰ کے لیے مجموعی طور پر 3047 مساجد اور عیدگاہوں کو تیار کیا گیا ہے۔اس ضمن میں مکہ معظمہ میں 2553 مساجد اورمختلف گورنریوں میں کھلے مقامات پر عید گاہوں کو مختص کیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے عہدیدار ڈاکٹر سالم بن حاج الخامری نے بتایا کہ عید گاہوں میں دیکھ بھال کا ضروری کام مکمل ہو چکا ہے۔ چٹائیاں اور قالینیں، تمام ضروری آڈیو اور تکنیکی آلات فراہم کر دیے گئے ہیں، مساجد اور عیدگاہوں میں خواتین کے لیے مختص جگہیں موجود ہیں۔الخامری نے مزید کہا کہ ام القری کیلنڈر کے مطابق عید کی نماز طلوع آفتاب کے ایک چوتھائی گھنٹے بعد ادا کی جائے گی۔مدینہ منورہ ریجن میں وزارت مذہبی امور کی برانچ نے اس سال 1444ھ کی عید الاضحی کی مبارک نماز ادا کرنے کے لیے 494 عیدگاہوں اورمساجد کو مختص کیا گیا ہے۔ ان میں صفائی اور ایئر کنڈیشنگ کا بھی کا اہتمام کیا گیا ہے۔