خرطوم(این این آئی)سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث لاکھوں افراد انخلا پر مجبور ہوگئے۔سوڈان کی صورتحال پر دارالحکومت خرطوم سے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازع کے باعث سوڈان سے انخلا کرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ جائے گی۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک 6 لاکھ افراد انخلا کر کے پڑوسی ممالک میں جاچکے ہیں۔ سوڈان کے لوگوں نے مصر، چاڈ، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقا میں پناہ لی ہے۔ یو این ایجنسی کے مطابق سوڈان کی خانہ جنگی سے 25 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ عالمی ادارے نے کہا کہ خانہ جنگی کے دوران اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان 15 اپریل سے جھڑپیں جاری ہیں۔