شام میں امریکا کے ڈرون حملے میں داعش کا سربراہ ہلاک

0
234

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہاہے کہ شام میں ڈرون حملے میں داعش کا ایک لیڈر ہلاک ہوگیا ہے۔امریکی فوج نے یہ ڈرون حملہ شام کے مغربی حصے میں روسی فوجی طیاروں کی جانب سے ایم کیو نائن ریپر ڈرونز کو ہراساں کیے جانے کے چند گھنٹے کے بعد کیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے ایک دفاعی عہدہ دار نے بتایا کہ تین ریپر ڈرونزعسکریت پسندوں کی تلاش میں پرواز کر رہے تھے جب انھیں روسی طیاروں نے قریبا دو گھنٹے تک ہراساں کیا۔ اس عہدہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس کے کچھ ہی دیر بعد حلب کے علاقے میں امریکی ڈرون نے موٹرسائیکل پر سوار اسامہ المہاجر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا اورہلاک کردیا۔حکام کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت اسامہ المہاجر شمال مغربی شام میں تھے لیکن وہ عام طور پر جنگ زدہ ملک کے مشرقی علاقے میں ہوتے تھے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ امریکی فوج نے اسامہ المہاجر کی شناخت اور ہلاکت کی کیسے کی تصدیق کی ہے۔اس حملے کی مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ ایک بیان میں امریکا کی مرکزی کمان نے کہا کہ اس بات کے کوئی اشارے نہیں ملے ہیں کہ اس حملے میں کوئی عام شہری ہلاک ہوا ہے۔تاہم فوج ان اطلاعات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ایک شہری زخمی ہوا ہے۔