نگران وزیراعلی ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس،کپاس کی امدادی قیمت کے حوالے سے تبادلہ خیال

0
148

لاہور( این این آئی)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر، گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز، فواد مختار، انوار غنی اور وزارت خزانہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کپاس کی امدادی قیمت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور کاشتکاروں کو کپاس کی امدادی قیمت یقینی دلانے کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ دریں اثنا وزیراعلی محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب بھر میں 8500روپے فی من پھٹی کی فروخت یقینی بنائیں گے۔ پنجاب کے کاشتکار8500سے کم نرخ پر کپاس نہ بیچیں۔ کمشنر او رڈی سی اپنے متعلقہ اضلاع میں کپاس کی 8500روپے کے مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پریشان نہ ہوں،انہیں کپاس کا پورا ریٹ دلائیں گے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ کپاس کے ا یشو پر رابطے میں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کوئی بڑا ریلہ نہیں آرہا، فی الحال پنجاب میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔ دریاں کے اندر قائم غیر قانونی آبادیوں اور تجاوزارت کو ختم کرا رہے ہیں۔پانی کی آمد مانیٹر کررہے ہیں، ہر 6گھنٹے کے بعد رپورٹ لی جا رہی ہے۔لاہور کے ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کروائیں گے۔ اکبر چوک پراجیکٹ بروقت تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے تاخیر کا ازالہ کریں گے۔کیولری گرانڈ انڈرپاس، گھوڑا چوک فلائی اوور اور نوازشریف انٹر چینج انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیر کا کام 17 جولائی کو شروع ہورہا ہے۔ والٹن سے مین بلیوارڈ پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی طرف بڑھ رہاہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کچے کے علاقے پر ہمارا کنٹرول قائم ہے کسی بھی صورت میں جرائم پیشہ عناصر کو واپس نہیں آنے دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلی محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔منصوبے کے 153پائلز مکمل ہو چکے ہیں۔محسن نقوی نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کامعائنہ کیا اور کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ ڈیڈ لائن کے اندر منصوبہ مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں