وزیر اعظم اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ، دوطرفہ تعلقات پرگفتگو

0
71

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔پیرکووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے سے ٹیلی فون پر گفتگوکی۔وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں پاکستان کی حمایت اور مدد کرنے پر سری لنکا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا،پاکستان کے عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں، علاقائی ترقی اور امن کے لئے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے جلد نکل آئیں گے۔سری لنکا کے صدررانیل وکرما سنگھے نے وزیراعظم کی طرف سے نیک تمناؤں کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا ہی دوستی ہے۔سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا۔سری لنکا کے صدر نے آئی ایم ایف معاہدہ طے پانے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے ملاقات کے موقع پر سری لنکا کے صدر نے زور دیا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرے۔سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ دیوالیہ ہونے کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔