سعودی عرب اور ایران کا اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کاعزم

0
177

تہران(این این آئی)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران نے بعض امور پر سیاسی اختلافات کے باوجود اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حسین امیرعبداللہیان نے بتایاکہ میراسعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ یہ سمجھوتا ہوا ہے کہ اس مرحلے پر ہمیں بعض امور پرمختلف سیاسی نظریات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ تہران ایک مستحکم اقتصادی تعاون کا خواہاں ہے جو دونوں اطراف میں اقتصادی خوش حالی کا باعث بنے گا۔اس طرح کی مشترکہ کوششوں سے الریاض کے ساتھ مفاہمت کے عمل مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔حسین امیر عبداللہیان نے بتایا کہ سعودی عرب میں حال ہی میں مقرر کیے گئے ایرانی سفیر آیندہ دنوں میں الریاض میں اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔ایران نے گذشتہ ماہ الریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولاتھا۔ تہران میں سعودی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کا نظام الاوقات ابھی تک نہیں دیا گیا ہے۔ایرانی وزیرخارجہ نے اس سال حج کے بہ طریق احسن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ فیصل کے ساتھ براہ راست بات چیت کے ذریعے کسی بھی معمولی مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا گیا ہے۔تاہم انھوں نے ان مسائل کی نوعیت کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔