پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی کی وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات

0
173

کابل(این این آئی)افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی نے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ جس میں مولوی امیرخان متقی نے انہیں نئی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کی تعیناتی سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور اس کیلئے مشترکہ کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام سے دونوں ممالک کی معیشت کی ترقی، مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور تجارت بڑھانے کا بہت اچھا موقع پیدا ہوا ہے۔ امیرخان متقی نے سیکیورٹی تعاون کے بارے میں کہا کہ افغان کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچاتے، ہم اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور ہم ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کیلئے کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ بعد ازاں آصف درانی نے کہا کہ میں آپ کو چار دہائیوں کی جنگوں اور مسائل کے بعد مجموعی استحکام اور امن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ میری کوشش ہوگی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور وسیع تر ہوں، پر امن خطہ سب کے مفاد میں ہے اور ہم سلامتی کے شعبے میں تعاون کریں گے۔ آصف درانی نے کہا کہ ہم سیاسی، اقتصادی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ میکانزم بنانے اور نافذ کرنے کے لیے تیار ہیں، مریضوں کے لیے خصوصی سہولیات پیدا کی جائیں۔امیرخان متقی نے افغان قیدیوں اور افغان تاجروں کے سامان پاکستان میں تاخیر کا شکار ہونے کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا جس کے لیے جناب درانی نے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا۔