اگر سائفر کا بیانیہ جھوٹ تھا ،9 اور10مئی کے واقعات غلط اورپاکستان پرحملہ تھے تو تمام کرداروں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالاگیا؟، جاوید لطیف

0
177

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر سائفر کا بیانیہ جھوٹ تھا ،9 اور10مئی کے واقعات غلط اورپاکستان پرحملہ تھے تو تمام کرداروں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالاگیا؟، نواز شریف ایک ایسا طاقتورانجن ہے جو کمزور بوگیوں کو منزل سے ہمکنار اورملک کو آگے لے کر جاسکتا ہے،نواز شریف قوم کیلئے امید ہے جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن کرملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں ، اس کے راستے میں بارودی سرنگیں بچھانا بند کی جائیں ، انصاف کیلئے ستمبر تک انتظار کرنا درست نہیں، ریاست کو کسی ایک شخص پر قربان نہیں ہونے دیں گے۔جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشیں دم توڑ رہی ہیں اگر پورا سچ بول دیا جائے تو ملک کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ سائفر کے حوالے سے جو باتیں سامنے آرہی ہیں یہ کوئی نئی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ممالک کا نام لے کر اور لوگوں کی محرومیوں کا نام لے کر یہ سب کچھ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سامنے لائیجانے والے لوگ پھر ریاست کے خلاف استعمال کئے جاتے ہیں،ذولفقار علی بھٹو، نواز شریف اور عمران کیدرمیان کوئی مماثلت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا، نواز شریف کو جلاوطن کیا گیا اورعمران خان کو لا کر ریاست کو کمزور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کونسل کے دونوں اجلاسوں میں سائفر کے حوالے سے کہا گیا کہ کہ کوئی سازش نہیں ہوئی مگر عمران خان پھر بھی سائفر والے بیانئے پر قائم رہے۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی ریاست کا آئین توڑتا ہے بغاوت ہر اکساتا ہے اور ریاست کو کمزور کرتا ہے تو اس پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ 2017 اور سائفر کے کردار ملتے جلتے ہیں،ان سازشوں کے مقاصد اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان نے کوئی نئی بات نہیں کی، اگر اس وقت سائفر کے حوالے سے آڈیو پر یقین کیا جارہا ہے تو دوسری دیگر آڈیوز پر بھی کارروائی ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ جہاں ریاستی اداروں اور ریاست کے خلاف نوجوانوں کی ذہن سازی کی جارہی تھی اس وقت سمجھ آنا چاہیئے تھا کہ ہم کس طرف جارہے ہیں،اسی ذہن سازی کی کوکھ سے 9 مئی نکلا ہے۔ نوازشریف کو تا حیات ناہل کردیا گیا اور جس نے ریاست پر حملہ کیا اس کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ سیاستدان تو ریاست پر قربان ہوتے آئے ہیں مگر ریاست ایک سیاستدان پر قربان ہوجائے یہ ہم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ان ساری سازشوں کے کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ افراتفری اور خانہ جنگی کے علاوہ اب کوئی حل نہیں ہے وہ یہ جان لیں کہ اب بھی مسلم لیگ (ن )کا قائد ایک طاقت ور انجن ثابت ہوگا مگر شرط یہ ہے کہ نواز شریف کے راستے میں بارودی سرنگیں بچھانا بند کیا جائے،ادارے بھی یہ بات محسوس کر رہے ہیں کہ قوم کی حمایت کے ساتھ کمزور بوگیوں کو ایک طاقت ور انجن کے ساتھ جوڑا جائے تو ملک آگے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کیلئے ستمبر کا انتظار کرنا درست نہیں، ریاست کو انصاف ملنا چاہیے کیونکہ نواز شریف ہی ایک امید ہے،نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بن کر سی پیک مکمل کریں گے اور اس کے ثمرات حاصل ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر سائفر کا بیانیہ جھوٹ تھا اور 9 اور 10 مئی کو واقعات غلط اور پاکستان پر حملہ تھے تو اس کے تمام کرداروں پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا گیا۔