نگراں وزیراعظم سے متعلق بحث قبل از وقت ہے، فیصلہ پی ڈی ایم اور اتحادی قیادت کرے گی،اسحاق ڈار

0
112

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم سے متعلق بحث قبل از وقت ہے، اس کا فیصلہ پی ڈی ایم اور اتحادی قیادت کرے گی۔ایک انٹرویومیں اسحاق ڈار نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کی تقرری سے متعلق ابھی مشاورت شروع نہیں ہوئی، اس متعلق قیادت جو فیصلہ کرے گی قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے اختیارات میں اضافہ کیے بغیر ملک چلایا نہیں جاسکتا، اس کے لیے 60 کے بجائے 90 دن ہونا چاہئیں۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے سنجیدہ لوگ الگ ہوگئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے کہا تھا پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی اصل قیمت 244 روپے ہے، پی ٹی آئی دور میں روپے کی قدر گرنا شروع ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پارلیمنٹ نے 5 سالہ نااہلی سے متعلق فیصلہ کرلیا ہے، نواز شریف اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے 5 سال پورے ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف دھوم دھڑکے سے وطن واپس آکر انتخابات میں حصہ لیں گے، ملک کو نواز شریف جیسے قائد کی ضرورت ہے۔