کراچی،ڈیفنس میں فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی کا بھائی اور بھتیجا جاں بحق

0
644

کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے ڈیفنس میں ویگو گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور مقتول کا بیٹا شامل ہیں۔پولیس نے بتاکہ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی اور اطراف میں لگ بھگ 2درجن سے زائد گولیاں لگیں جب کہ فائرنگ کے واقعے میں الٰہی بخش ابڑو محفوظ رہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق گاڑی میں سوار افراد ڈیفنس خیابان شمشیر سے ڈیفنس فیز7جارہے تھے جنہیں ایک سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے چاروں طرف سے گھیر کر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق واقعے میں 2قسم کا اسلحہ استعمال کیا گیا ہے، واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم اور بڑے اسلحے کی گولیوں کے
خول ملے ہیں۔