اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے مستقل ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد

0
296

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے مستقل ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔انٹر نیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس (IPC) کے مستقل ہیڈ کوارٹر کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر کا قیام ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے اس اہم سنگ میل کے لئے میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی حمایت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ و زیراعظم پاکستان کی مسلسل حمایت اور رہنمائی سے آئی پی سی کے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل ہوئی، آئی پی سی کے مشن کے لئے حکومت پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل تحسین ہے اور وزیراعظم پاکستان کی طرف سے اس ادارے کے قیام میں معاونت اور اس اہم جگہ پر اس کے لئے زمین کی فراہمی ان کی ذاتی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم سب کی ثابت قدمی اور مسلسل کاوشوں کی بدولت آئی پی سی عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک اہم ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوار تے پچیکوکی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ان کے بھر پور تعاون اور دلچسپی سے نہ صرف اس مشن کو تقویت ملی بلکہ اس کی تکمیل میں بھی اہم کردارا دا کیا ہے،آئی پی سی کا تصور ایوان بالاء سے شروع ہوا اور مختصر عرصے میں ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا جس نے اقوام عالم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے موثر روڈ میپ فراہم کیا۔ اس ادارے کی بدولت اقوام عالم کو درپیش چیلنجز جن میں امن و امان کا قیام، معاشی استحکام کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی تغیرات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے پلیٹ فارم میسر ہوگا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی نے 50 ممالک کے 193 اراکین پارلیمنٹ کو ایک نقطہ نظر پر یکجا کیا ہوا ہے اور عالمی چیلنجز کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کے لئے کو شاں ہے۔ بین الااقوامی مکالمے اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرنے میں اس کا بنیادی پہلو ہے۔ اس کی مشہور اشاعت ”دی پارلیمنٹرین”ہے۔ جرنل آف دی کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن(CPA) نے بھی آئی پی سی کی تعریف کی ہے کہ یہ ادارہ قوموں کے مابین ایک پل کا کردار اد کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بامعنی گفتگو کے ذریعے کامیابی سے مسائل کے حل میں موثر پلیٹ فارم ہے۔ اس ادارے کی بدولت عالمی سطح پر مثبت تبدیلوں کو متحرک کرنا آئی پی سی کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئی پی سی (IPC)اور آئی پی یو (IPU)ایک باہمی نقطہ نظر کا اشتراک ہے جو باہمی بات چیت، تعاون اور مشترکہ قانون سازی کی حوصلہ افزائی کے لئے امن خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیتا ہے۔ اس سے مشترکہ ذمہ داری، صنفی مساوات، قانون کی حکمرانی، سماجی و اقتصادی پیش رفت اور بہتر معیار زندگی کے لئے رہنما اصولوں کو فروغ ملتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اْمید ہے کہ آئی پی سی کا یہ نیا مستقل ہیڈ کوارٹر اقوام عالم کیلئے امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے اہداف کے حصول کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔ اسلام آباد کے قلب میں واقع یہ سیکرٹریٹ اقوام عالم کے لئے روشن مستقبل کی اْمید اور مسائل کے حل کا مرکز ثابت ہوگا۔ آئی پی سی کے مستقل ہیڈ کوارٹر کے سنگ بنیاد کی تقریب سے آئی پی یو کے صدر ڈوارتے پچیکو نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں آئی پی سی کا حصہ ہوں۔ہم دنیا بھر کے پارلیمنٹرینز کی نمائندگی کرتے ہیں۔پاکستان کی دنیا بھر میں امن کے فروغ کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ہم سب مل کر دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمبردآزما ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی پی سی میں شامل ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھی سیکھ سکتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ مزید ممالک کے پارلیمنٹیرینز بھی آئی پی سی میں شریک ہوں گے۔یہ ایک تاریخی لمحہ ہے کہ مختلف ممالک کے پارلیمنٹیرینز یہاں موجود ہیں۔یہ اقدام ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا۔انہوں نے اس سلسلے میں آئی پی سی کے صدر چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سیکرٹری جنرل آئی پی سی محترمہ ستارہ ایاز اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کا سراہا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج آئی پی سی کے اس تقریب میں موجود ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان محمدشہباز شریف کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد پر تمام ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پاکستان نے ہمیشہ عالمی چیلنجز، امن اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ، سینیٹرز،سفراء اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ دریں اثناء آئی پی یو کے صدر نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں مزید تیزی لانے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کے صدر کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور آئی پی یو کے مابین کثیر الجہتی تعاون مضبوط ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آئی پی سی اور آئی پی یو کے مابین تعاون اجتماعی مسائل کے حل اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں میں معاون ثابت ہوگااور اس سے سفارتکاری اور اقوام کے درمیان باہمی افہام تفہیم کی نئی راہیں ہمورا ہو ں گی۔ محمد صادق سنجرانی نے آئی پی سی کی سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت پر آئی پی یو کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے آئی پی یو کا پارلیمانوں کے مابین ڈائیلاگ اور تعاون کو بڑھانے میں کاوشوں کو تسلیم کیا۔ ملاقات میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر برائے مہمان داری سینیٹر ذیشان خانزادہ، سیکرٹری جنرل آئی پی سی ستارہ آیاز اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ اعلیٰ حکام اور آئی پی یو وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ آئی پی یو کے صدر نے سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کیاجہاں انہیں پاکستان کے جمہوری عمل، آئینی سفر اور ایوان بالا ء کے ارتقائی عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آئی پی یو کے وفد کے اعزاز میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ظہرانہ بھی دیا۔