یوکرین مذاکرات نے امن کی مشترکہ بنیاد فراہم کردی، جدہ مذاکرات کا اعلامیہ

0
194

جدہ(این این آئی )یوکرین کے بارے میں جدہ مذاکرات کے حتمی بیان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات نے امن کے لیے مشترکہ بنیاد بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ بحران پر مشاورت جاری رکھنے اور مجوزہ آرا سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اتوار کو جاری حتمی بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں مثبت تجاویز اور آرا پر بھی غور کیا گیا۔جدہ میں قومی سلامتی کے مشیروں اور اقوام متحدہ سمیت 40 سے زیادہ ملکوں اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر مملکت، وزرا کونسل کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان نے کی۔ شرکا نے اجلاس بلانے اور اس کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔یہ مذاکرات سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کے تسلسل کے نتیجے میں ممکن ہوئے۔ سعودی ولی عہد مارچ 2022 سے اس حوالے سے کوشش جاری رکھے ہوئے تھے۔سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات میں جن ملکوں اور تنظیموں نے شرکت کی ان میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، بحرین، برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، چلی، چین، متحدہ کوموروس، چیک، ڈنمارک، مصر، ایسٹونیا، یورپی کمیشن، کونسل آف یورپ، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، بھارت ، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، اردن، کویت، لٹویا، لتھوانیا، نیدرلینڈز، ناروے، پولینڈ، قطر، کوریا، رومانیہ، سلوواکیہ، جنوبی افریقہ، سپین، سویڈن، ترکیہ، یوکرین، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، اقوام متحدہ اور امریکہ شامل تھے۔