الحرمین الشریفین میں مذہبی امور کی نگرانی کے لیے نئی آزاد ایجنسی کا قیام

0
153

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی کابینہ نے اسلام کی دو مقدس ترین مساجد میں مذہبی امور کی نگرانی کے لیے ایک نئی آزاد ایجنسی کے قیام پراتفاق کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ایجنسی مکہ مکرمہ میں المسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ۖ کے مذہبی امور کی صدارت کہلائے گی۔ یہ ایجنسی دونوں مساجد میں ائمہ اور مذنین (نماز کی دعوت کا اعلان کرنے والے)کی نگرانی کرے گی۔نیز مذہبی امور کے علاوہ وہاں پیش کیے جانے والے مذہبی اسباق اور سیمی ناروں کی نگرانی کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔اس وقت ان کی نگرانی کی ذمے دار صدارتِ عامہ برائے الحرمین الشریفین (المسجد الحرام اور مسجد نبویۖ) ہے۔کابینہ نے صدارتِ عامہ برائے الحرمین الشریفین (جنرل پریزیڈنسی)کا نام تبدیل کرکے جنرل اتھارٹی برائے المسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔نام کی تبدیلی کے بعد یہ نئی ایجنسی مالی اور انتظامی طور پر آزاد ہوگی اور تنظیمی طور پر مملکت کے شاہ سے وابستہ ہوگی۔یہ دونوں مقدس مساجد میں خدمات ، آپریشنز ، تعمیر ومرمت اور ترقیاتی کاموں کا انتظام سنبھالے گی۔اس کا ایک انتظامی بورڈ ہوگا جس کے سربراہ اور ارکان کا تقرر شاہی فرمان کے ذریعے کیا جائے گا۔