پاناما جے آئی ٹی کا والیم 10 جاری کرنے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

0
178

اسلام آباد (این این آئی)پاناما جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 جاری کرنے کے لیے دائر درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔براڈ شیٹ کمپنی کی جانب سے پاناما جے آئی ٹی کا والیم 10 جاری کرنے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 22 اگست کو کرے گا۔سپریم کورٹ نے اس حوالے سے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔براڈ شیٹ کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ شریف خاندان کی غیر ملکی جائیدادوں کی تلاش میں نیب کی معاونت کی تاہم نیب نے جائیدادوں کی تلاش کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔براڈ شیٹ نے برطانیہ کی عدالت میں نیب کے خلاف واجبات کے حصول کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا اور براڈ شیٹ نے پاناما جے آئی ٹی کا والیم 10 فراہم کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔براڈ شیٹ کمپنی والیم 10 کو برطانوی عدالت میں بطور ثبوت پیش کرنا چاہتی تھی۔یاد رہے کہ جولائی 2017 میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں پارٹی صدارت سے بھی فارغ کر دیا گیا۔