پیپلز پارٹی نے ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

0
244

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل این جی اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر کر کے مصنوعی بحران پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے ملک کو نقصان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا سردیوں میں ملک میں گیس کا شدید بحران ہو گا تو پھر جب وزیر اعظم کو گیس بحران کا پتہ تھا تو گیس درآمد کیوں نہیں کی گئی ؟شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کی مجرمانہ غفلت سے ملک کو 122 ارب روپے کا نقصان ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی درآمد میں تاخیر اور پھر مہنگے داموں پر خریداری پر سوالات اٹھتے ہیں اس لیے پیپلز پارٹی ایل این جی درآمد میں تاخیر پر پارلیمانی تحقیق کرانے کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی گیس کا شدید بحران ہے اور حکومت ملک کو گردشی قرضوں میں ڈبو رہی ہے۔