آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023” کا افتتاح 8 ستمبر کو ہوگا

0
261

کراچی (این این آئی)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تحت ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023” کا افتتاح 8 ستمبر بروز جمعہ کو کیا جائے گا۔ پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں پاکستان بھر سے مختلف تھیٹر گروپس جبکہ 7 بین الاقوامی تھیٹر گروپس حصہ لیں گے جس میں امریکا، ایران، ترکیہ، جرمنی، سری لنکا وغیرہ شامل ہیں۔ 30 روزہ تھیٹر فیسٹیول میں 45 شوز جبکہ مختلف ورکشاپ اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔”پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023” کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل نے ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں پاکستان اور دنیا بھر سے تھیٹر گروپس اور فنکار حصہ لیں گے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا تھیٹر فیسٹیول ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سات ممالک سے تھیٹر گروپس آ رہے ہیں، جس میں 30 دن میں 45 شوز ہوں گے۔ تھیٹر فیسٹیول میں اردو، انگلش، فارسی، سندھی، پنجابی زبانوں میں تھیٹر پیش کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا مثبت چہرہ دکھانے میں میڈیا کا بھرپور کردار ہے، جتنی بڑی برانڈ عالمی اردو کانفرنس، پاکستان لٹریچر فیسٹیول، یوتھ فیسٹیول ہے اس کو آگے بڑھانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔صدر آرٹس کونسل کراچی کا کہنا تھا کہ میں امریکا ہو کر آیا ہوں، ہم مغرب سے زیادہ تہذیب دار لوگ ہیں، مغرب اپنی تہذیب و ثقافت کے ذریعے اپنی منفی چیزیں سامنے آنے نہیں دیتا۔ بھارت نے اپنے بڑے فنکاروں کو پیکیج بنا کر دنیا بھر میں کیش کروایا ہے، بھارت نے اپنی فلموں کے ذریعے جس کو ہیرو بنانا تھا ہیرو بنایا، اور جسے ولن بنانا تھا ولن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تھیٹر، میوزک اور ڈانس اکیڈمی کو چلانے کیلیے انتھک محنت کی۔ اب سیکڑوں افراد کام کر رہے ہیں۔ آرٹس کونسل نے شہری سطح پر بھی دنیا بھر میں آرٹ اور ثقافت کو فروغ دیا۔