نگراں سندھ حکومت افسران کے تبادلوں سے متعلق تجاویز منظوری کیلئے بھجوائے، چیف الیکشن کمشنر

0
121

اسلام آباد (این این آئی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر کو خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ صوبے میں سینئر انتظامی افسران کے تبادلے کی تیاری نظر نہ آنا قابل افسوس ہے،نگراں سندھ حکومت افسران کے تبادلوں سے متعلق تجاویز منظوری کیلئے بھجوائے۔خط کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو سینئر انتظامی افسران کے تبادلے کی ہدایت کی تھی۔ صوبے میں کمشنرز، ڈپٹی کشمنرز اور ایڈیشنل کمشنرز کے تبادلوں کی ہدایت کی گئی تھی۔چیف الیکشن کمشنر نے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے آر پی اوز، ڈپی اوز سمیت پولیس افسران کے بھی تبادلے کا کہا تھا جبکہ یہ بھی ہدایت کی تھی کہ غیر جانبدار افسران کو الیکشن کی نگرانی کیلئے تعینات کیا جائے۔خط میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ نگراں سندھ حکومت کی جانب کی الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں کوئی تجاویز نہیں ملیں۔ اس ضمن میں سندھ کی نگراں حکومت کی تیاری نظر نہ آنا قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ نگراں سندھ حکومت افسران کے تبادلوں سے متعلق ایک ہفتے میں تجاویز الیکشن کمیشن کو منظوری کیلیے بجھوائے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کیلیے ڈی آر اوز، آر اوز، اے آر اوز کی تقرری کے اقدامات کرے گا۔