بھارتی کسانوں کاآج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

0
273

نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں کسانوں کا احتجاج مسلسل 11ویں روز بھی جاری ہے، تین نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ نہ مانے جانے پر کسانوں نے 8 دسمبر کو ملک گیر ہڑتال اور احتجاج مزید تیز کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت اور کسانوں کے درمیان گزشتہ روز ہوئے پانچویں دور کے مذاکرات بے نتیجہ رہے، مذاکرات میں کسان وفد نے تینوں نئے زرعی قوانین واپس لینے کے مطالبے پر ہاں یا نہیں میں جواب طلب کیا۔حکومت کی جانب سے مطالبات نہ مانے جانے پر بھارتی کسانوں نے 8 دسمبر کو ملک گیرہڑتال کا اعلان کیا اور کہا کہ مطالبات نہ مانے تو احتجاج مزید تیز کردیں گے۔بھارتی ٹریڈیونینوں اور دیگر تنظیموں نے بھی کسان تحریک کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، بھارتی ریاستوں ہریانہ، پنجاب، اترپردیش اور متعدد ریاستوں میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ادھر بھارتی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کے خلاف لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ہزاروں سکھوں نے احتجاج کیا، ہزاروں مظاہرین نے بھارتی ہائی کمیشن کا گھیراو کرلیا۔