نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

0
159

گلگت(این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت میں یادگار شہدا پر حاضری دی ،فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔منگل کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ گلگت آمد پر نگران وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی اورنگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے نگران وزیراعظم کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم نے سکول کے طلبا و طالبات سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے طلبہ کے بنائے گئے مختلف ماڈلز کا معائنہ کیا۔انہوں نے طلبہ کی پینٹنگز، تعلیمی،سائنسی و توانائی سے متعلق ماڈلز میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اوربچوں کے ماڈلز اورطلبا و طالبات کی صلاحیتوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے اساتذہ کی خدمات کوسراہا۔ انہوں نے ایک طالبہ کے سائنسی ماڈل کو سراہتے ہوئے اسے تعریفی سند دینے کی ہدایت کی۔نگران وزیراعظم نے طلبہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلق سوالات کئے۔ نگران وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے بچوں میں سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔