ہنزہ کے 15 طالب علموں کو چینی ایمبیسیڈراسکالرشپ سے نوازا گیا

0
167

اسلام آباد (این این آئی)چین کی جانب سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو)ہنزہ کیمپس کے 15 طالب علموں کو ‘چائنا پاکستان فرینڈشپ ایمبیسیڈرل میرٹ کم نیڈ اسکالرشپ’ پروگرام کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق کے آئی یو ہنزہ کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران طلبا کو اسکالرشپ چیک پیش کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سیل کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صفدر علی شاہ تھے۔ انہوں نے طلبا میں چیک تقسیم کیے۔ گوادر پرو کے مطابق صفدر علی شاہ نے اسکالرشپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے مستحق طالب علموں کو مشورہ دیا کہ اسکالرشپ کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے اپنی تعلیم پر پیسہ خرچ کریں۔ انہوں نے شمالی خطے میں تعلیم کے حوالے سے فراخدلانہ تعاون پر چینی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔گوادر پرو کے مطابق چینی ایمبیسیڈرل پروگرام کے اسکالرشپ پروگرام کے تحت کے آئی یو مین کیمپس اور اس کے ذیلی کیمپسز کے ضرورت مند اور ہونہار طلبا میں ہر سال 140 اسکالرشپس تقسیم کی جاتی ہیں۔ صنفی توازن کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے فائدہ اٹھانے والوں میں کم از کم 50 فیصد خواتین ہیں. گوادر پرو کے مطابق 30 اگست2023, اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے نے گلگت بلتستان میں کے آئی یو میں تعلیمی کارکردگی کو فروغ دینے کے لئے 70 لاکھ روپے کی گرانٹ دی۔ گوادر پرو کے مطابق 20 جون2023, کے آئی یو کے کم از کم 130 طالب علموں نے ‘چائنا پاکستان فرینڈشپ ایمبیسیڈرل میرٹ کم نیڈ اسکالرشپ پروگرام کے تحت مالی امداد حاصل کی۔ یہ پروگرام صنفی توازن کو فروغ دیتا ہے اور اسکالرشپ کا کم از کم آدھا حصہ کے آئی یو کے مرکزی اور ذیلی کیمپس دونوں میں طالبات کو دیا جاتا ہے۔