آئی سی سی نے ورلڈکپ میچز کیلئے گراؤنڈز سے متعلق ہدایات جاری کردیں

0
539

دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں جس میں کہاگیاہے کہ سیمرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2023ء کا آغاز اگلے ماہ کی 5 تاریخ سے بھارت میں ہوگا جس کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیوریٹرز کو کچھ نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت میں اوس پڑنے کے امکانات ہیں، اس لیے آئی سی سی نے تمام اسٹیڈیمز کے کیوریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2021ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی اوس پڑی تھی جس کی وجہ سے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوا تھا۔بھارتی پچز عاموماََ اسپنرز کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں مگر آئی سی سی نے کیوریٹرز کو پچز پر زیادہ سے زیادہ گھاس چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ فاسٹ بولرز کو بھی کھیل میں رہنے کا موقع ملے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز دی ہے کہ اسٹیڈیم میں باؤنڈری کا سائز بڑا ہونا چاہیے، اس لیے ورلڈ کپ میچز کے لیے اسٹیڈیمز کو باؤنڈری سائز تقریباً 70 میٹر رکھنے کیلئے کہا گیا ہے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل میچز میں باؤنڈری سائز کم سے کم 65 میٹرز جبکہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹرز ہوتا ہے۔