نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کی نگران وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ملاقات ، عام انتخابات پر گفتگو

0
398

کراچی (این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، نگران حکومت انتخابات کے لئے ماحول سازگار بنائے گی، میڈیا انتخابات کے دوران الیکشن کے مختلف مراحل کا حصہ ہوتا ہے، انتخابات میں عوام تک درست معلومات کی رسائی یقینی بنانے کے لئے مستند رپورٹنگ سب سے اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نگران وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے، انتخابی عمل کے دوران میڈیا کو سہولیات کی فراہمی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے، کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا، تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا انتخابات کے دوران الیکشن کے مختلف مراحل کا حصہ ہوتا ہے جو الیکشن کمیشن کے لئے پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں مستند رپورٹنگ سب سے اہم ہے تاکہ عوام تک درست معلومات کی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دونوں رہنمائوں نے انتخابات کے شفاف انعقاد میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔