بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنا اولین ترجیح ہے، نگران وزیراعظم

0
239

نیویارک(این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی تمام توجہ کاروبار دوست ماحول پیداکرنے پر مرکوز ہے، حکومت امریکا پاکستان بزنس کونسل کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نظام پر یقین رکھتے ہیں۔نگران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے کارپوریٹ سیکٹرکو پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور نتیجہ خیزتعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے طریقے اور ذرائع پر غورکرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی توجہ کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے پر مرکو ز ہے، اس سلسلہ میں تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیاکہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاری کے نظام پر یقین رکھتی ہے اور اس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے ، ان کا اعتماد بڑھانے، زراعت ، آئی ٹی ، معدنیات ، کان کنی اور توانائی کے ترجیحی شعبوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کو تیزکرنے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری کونسل تشکیل دی ہے۔ نگران وزیراعظم نے سرمایہ کاری کے لئے خاص طور پر زراعت، فارما سیوٹیکل ، صحت سمیت مختلف شعبوں اور ڈیجیٹل بینکنگ کی نشاندہی کی جہاں امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھا سکتی ہے۔ کونسل کی صدر ایسپیرانزہ جیلالیان نے نگران وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں یقین دلایاکہ امریکا پاکستان بزنسل کونسل حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور سرمایہ کاری کے لئے مواقع کی تلاش کے لئے رابطے جاری رکھے گی۔ اس موقع پر وفد کے اراکین نے نگران وزیراعظم کو پاکستان میں اپنے کاروبار اور پاکستانی مارکیٹ میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔