سپریم کورٹ میں اب سے کیسز میں التوا کا تصور ختم سمجھا جائے ، چیف جسٹس

0
278

اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں ہے کہ سپریم کورٹ میں اب سے کیسز میں التوا دینے کا تصور ختم سمجھا جائے۔ایک مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں دائر مقدمات میں التوا نہ دینے سے متعلق اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ذہن سے یہ تصور بالکل نکال دیں کہ مقدمات میں تاریخ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بہت زیادہ کیسز زیرِ التوا ہیں، کسی بھی کیس میں ایک تاریخ پر فریقین کو نوٹس اور اگلی میں دلائل پر فیصلہ ہو گا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اس کیس کے توسط سے یہ پیغام سب کے لیے ہے کہ اب مقدمات میں التوا نہیں ملے گا، یہ باقی عدالتوں میں ہوتا ہے کہ دستاویزات جمع کرانے کا وقت دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آخری عدالت ہے جہاں تمام مقدمات کے فیصلوں کا ریکارڈ پہلے سے ہوتا ہے۔واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے رواں ماہ 17 ستمبر 2023 کو بطور چیف جسٹس پاکستان حلف اٹھایا ہے۔ان کا پہلے مقدمے کی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ بطور چیف جسٹس کوشش ہو گی کہ زیرِ التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔