گوادر کے وفد کا دورہ چین ،ترقی اور جدت کاری کا جائزہ لیا

0
220

اسلام آباد (این این آئی)گوادر سے 10 رکنی وفد چین کے دورے سے واپس آ گیا، چین میں انہوں نے ملک کی ترقی اور جدت کاری کی کوششوں کا جائزہ لیا۔ وفد نے چین کی ترقی اور دوستانہ تعلقات کی تعمیر کے لئے اس کے ہمسایہ سفارتکاری کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔ گوادر پرو کے مطابق وفد نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ دوستی کو سیاسی وابستگیوں اور معاشرے سے بالاتر ہو کر حمایت حاصل ہے۔ سینئر ماہرین تعلیم، محققین، تاجروں اور انتظامی افسران پر مشتمل اس گروپ کی قیادت یونیورسٹی آف گوادر (یو جی)کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ وہ چینی وزارت خارجہ کی دعوت پر 10 ستمبر کو چین کے دس روزہ دورے پر روانہ ہوئے تھے۔ گوادر پرو کے مطابق بیجنگ میں وفد نے چینی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کے شعبے کے ڈائریکٹر جنرل لیو جن سونگ سے ملاقات کی۔ لیو نے کہا کہ ایک دہائی قبل پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے آغاز کے بعد سے مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں گوادر میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبے شروع ہوئے ہیں جن میں بندرگاہیں، ہوائی اڈے، سڑکیں، ہسپتال اور ڈی سیلینیشن پلانٹ شامل ہیں جس سے مقامی آبادی مستفید ہو رہی ہے۔ یو جی کے ایک بیان کے مطابق لیو نے بلوچستان اور گوادر میں اقتصادی ترقی کے لئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں چین کی دوستانہ پالیسی تمام نسلی گروہوں تک پھیلی ہوئی ہے، سی پیک سے خطوں، قبائل اور سماجی سطح پر فوائد حاصل ہوں گے۔ گوادر پرو کے مطابق وفد نے تعلیمی شراکت داری، علم کے تبادلے اور تجارت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے میں تعاون کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وہ صرف تعلیم سے آگے وسیع تر باہمی تعاون کے لئے ایک فریم ورک تیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر کے عوام تیز رفتار، جامع اور باہمی فائدہ مند راہداری تعاون کو سراہتے ہیں۔ وہ عوامی سطح پر مزید تبادلوں اور عملی تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ کئی نسلوں تک پاک چین دوستی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔