امریکی پارلیمان کی تاریخی عدم اعتماد تحریک کامیاب، ہاس سپیکر عہدے سے فارغ

0
227

واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان نے تاریخی عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے سپیکر کیون میک کارتھی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے، ان کی حمایت میں 210 ووٹ دیے گئے جب کہ مخالفت میں 216 ارکان نے ووٹ کا استعمال کیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکا کی 234 سالہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار ایوان نے سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر کے انہیں عہدے سے ہٹا دیا ہے، ہاس سپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا جب الیکشن میں محض ایک سال باقی ہے۔کیون میک کارتھی کی برطرفی ان کی اپنی پارٹی کے اندر لڑائی اور اس کے دائیں بازو کے دھڑے سے مسلسل چیلنجوں کا نتیجہ ہے۔ ایوان نمائندگان میں حکمراں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ریپبلکن اراکین میک کارتھی سے سخت ناراض تھے اور یہی ناراضی ان کے خلاف قرارداد پیش کرنے کا محرک بنی۔ہفتے کے آخر میں حکومتی شٹ ڈان سے بچنے کی کوششوں کے درمیان یہ کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔ ایوان نمائندگان میں سخت گیر ری پبلکن ارکان کی جانب سے میک کارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد پر ایوان نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے سپیکر پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی ریپبلکن پارٹی میں بڑھتے ہوئے ہنگامے کی نشاندہی کرتا ہے، جس کے سخت دائیں بازو کے دھڑے نے میک کارتھی کے جنوری میں سپیکر بننے کے بعد کئی مواقع پر مخاصمت کا ماحول بنائے رکھا۔ ہونے والی ووٹنگ میں آٹھ ریپبلکن اراکین نے سپیکر سے علاحدگی اختیار کر لی تھی، جس سے ان کا اپنا عہدہ برقرار رکھنے کے لیے درکار اکثریت حاصل کرنے کے امکانات ختم ہو گئے تھے۔ ڈیموکریٹس نے بھی میک کارتھی سے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔