چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف (بدھ) انڈیا جائیں گے، چودہ اکتوبر کو پاک بھارت میچ دیکھیں گے

0
572

لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف (آج)بدھ کو انڈیا روانہ ہونگے جہاں وہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں پاکستان اور انڈیا کا میچ دیکھیں گے۔ ذکا اشرف نے اس بات کا فیصلہ اس بات کی تصدیق کے بعد کیا ہے کہ پاکستانی میڈیا کو آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے موقع پر ویزوں کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت دی گئی ہے۔ذکا اشرف نے کہا کہ انہوں نے انڈیا جانا موخر کر دیا تھا لیکن اب وہ اس بات کی تصدیق کے بعد جارہے ہیں کہ پاکستانی صحافیوں کو میگا ایونٹ کی کوریج کے لیے ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ دفتر خارجہ کے ساتھ ان کی بات چیت نے ویزے میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت حاصل کرنے میں مدد کی ہے ۔ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ اس بات سے بہت خوش ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور دونوں میچ جیت لیے ہیں۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ان کے جانے کا مقصد پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور انڈیا کے خلاف اہم میچ سے قبل ٹیم کے لیے ان کا پیغام یہی ہے کہ وہ بے خوف ہو کر کھیلیں جیسا کہ وہ پورے ایونٹ میں کھیلتے رہے ہیں۔