اسرائیل انتقامی کارروائی نہیں بلکہ اپنے شہریوں کے دفاع کا اقدام کر رہا،امریکا

0
141

واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کے 37 افراد حماس کے ہاتھوں یرغمال ہیں، اس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکہ حماس کے مقابلے میں اسرائیل کی ہر طرح کی فوجی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اسرائیل جو کچھ غزہ میں کر رہا ہے وہ انتقامی کارروائی نہیں بلکہ اپنے شہریوں کے دفاع کے اقدامات ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بلنکن نے قطری وزیر اعظم محمد بن جاسم کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں وضاحت کی کہ ہم حماس کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کے تمام ضروری اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی خاندانوں کو مدد کی ضرورت ہے۔بلینکن نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنے دفاع کا اقدام کیا ہے۔ حماس نے 1,300 سے زیادہ اسرائیلیوں کو ہلاک کیا تھا۔ حماس فلسطینیوں کو جنوبی غزہ میں محفوظ علاقوں کی طرف جانے سے بھی روک رہی ہے۔بلینکن نے کہا کہ حماس غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی آمد میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ واشنگٹن نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں شہریوں کی ہلاکت سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔اس موقع پر قطری وزیر اعظم نے کہا غزہ میں جاری تنازع کے پر امن اور فوری حل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی تک انسانی امداد کی ترسیل کے لیے راہداری کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے مزید کہا ہے کہ ہم امن کی حمایت کرتے ہیں اور مسئلہ فلسطین کے حل کے طور پر عرب امن اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔ یاد رہے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے اب تک 1800 افراد شہید ہو چکے ہیں۔