گوادر فری زون نارتھ میں بجلی کی تقسیم کا کام شروع

0
127

اسلام آباد (این این آئی)گوادر فری زون نارتھ کو بیک وقت دو مرحلوں میں بجلی کی تاریں بچھا کر 5 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے پاور ڈسٹری بیوشن کا کام شروع ہو گیا ہے،اس کام کو مکمل ہونے میں دو ماہ لگیں گے۔گوادر پرو کے مطابق پہلے مرحلے میں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے) نے گرڈ اسٹیشن سے گوادر فری زون نارتھ کی احاطے کی دیواروں تک بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیب شروع کردی ہے۔ دوسرے مرحلے میں مقامی کمپنی سگما انجینئرنگ لمیٹڈ نے گوادر فری زون کی دیواروں سے لے کر مختلف صنعتی مقامات کی عمارتوں تک بجلی کی تقسیم کا نظام بچھانے کا کام شروع کر دیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق جی پی اے کے ایک عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ سگما انجینئرنگ لمیٹڈ کو چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی (سی سی) لمیٹڈ نے آؤٹ سورس کیا ہے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ پورے منصوبے کی تکمیل کے بعد فیکٹریوں کو فی یونٹ بجلی کا ٹیرف صنعتوں کے لئے مقرر کردہ سرکاری ریٹ کے مطابق تقریبا 57 روپے ہوگا۔ اس وقت گوادر فری زون نارتھ میں تمام آپریشنل فیکٹریوں کو جنریٹر پر مبنی بجلی عارضی طور پر فراہم کی جارہی ہے۔گوادر پرو کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی (کیو ای پی ایس سی) اور چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی (سی او پی ایچ سی) کی کامیاب مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے بعد یہ پیش رفت ہوئی۔گوادر پرو کے مطابق ڈیپ سی پورٹ کا واحد گرڈ اسٹیشن 2019 میں خصوصی طور پر گوادر پورٹ اور فری زون کیلئے 3 فیڈرز کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔ گرڈ اسٹیشن تین ذرائع سے بجلی فراہم کرے گا جن میں کوئٹہ کا نیشنل گرڈ اسٹیشن، ایران کی سرحد پر گبدـریمدان اور ایران کے ساتھ ایک اور سرحد پر ناگ بیسیما سیکشن شامل ہیں۔