بیجنگ (این این آئی)چینی وزارت خا رجہ کی تر جمان ما ننگ نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان میں چینی سفیر کو بتایا کہ چینی صدر شی جن پھنگ نے دوستانہ اور مخلص ہمسائیگی سفارت کاری کاجو تصور پیش کیا ہے وہ انتہائی دانشمندانہ اور دور اندیش ہے اور پاکستان چین کے ساتھ مل کر اس پر عمل کرنے اور اسے آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ جمعہ کو روز چینی وزارت خارجہ کی یومیہ پریس کانفرنس میں دوستانہ اور مخلص ہمسائیگی سفارت کاری کے تصور کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے متعلق پوچھا گیا۔اس پر ترجمان ما ننگ نے کہا کہ دوستانہ اور مخلص ہمسائیگی سفارت کاری کے تصور کی 10 ویں سالگرہ منانے کیلئے بین الاقوامی سیمینار کو ہمسایہ ممالک کی نمایاں توجہ اور فعال شرکت ملی ہے۔ افتتاحی تقریب میں صدر شی جن پھنگ کے تحریری خطاب اور وزیر خارجہ وانگ ای کی تقریر نے بھرپور انداز میں پرجوش رد عمل حاصل کیا ۔ ما ننگ نے کہا کہ منگولیا، نیپال، کمبوڈیا اور دیگر ممالک کے سیاسی رہنمائوں نے کہا کہ یہ تصور ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشترکہ تعاون کے حصول کی چین کی خواہش کو اجاگر کرتا ہے، علاقائی امن اور خوشحالی کے تقاضوں کے عین مطابق ہے، ممالک کے مابین ہم آہنگ تعلقات کی تعمیر کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، اور بین الاقوامی تعلقات میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ہے۔