حکومت کا گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ٹو کی توسیع کا منصوبہ،پی سی ٹو تیار

0
211

اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ٹو کی توسیع کا منصوبہ بنایا ہے جو گوادر پورٹ کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) سے منسلک کریگا۔گوادر پرو کے مطابق وزارت میری ٹائم افیئرز کی ڈپارٹمنٹل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی(ڈی ڈی ڈبلیو پی) نے ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز 2 کا پی سی ٹو تیار کیا ہے جو 10.5 کلو میٹر سے زیادہ پر محیط ہوگا۔ اس کی فنڈنگ حکومت پاکستان کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ون پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے اور 03 جون 2022 سے فعال ہے، یہ تقریباً 19 کلومیٹر طویل چھ لین سڑک ہے جو گوادر پورٹ کی مرکزی شاہراہ ہے جس کے ذریعے بندرگاہ کی پوری ٹریفک سی پیک کے مقاصد کے مطابق گوادر کو خطے کا لاجسٹک اور اقتصادی مرکز بنانے کے خواب کی تعبیر ہے۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ون کو ایکنک نے 12 جنوری 2015 کو منظور کیا تھا۔ 24 ستمبر 2017 کو جی پی اے اور سی سی سی سی کے درمیان معاہدے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے فیز ون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب 22 نومبر 2017 کو اس وقت کے وزیر اعظم نے منعقد کی تھی۔ گوادر پرو کے مطابق یہ منصوبہ گوادر شہر اور بندرگاہ کے لئے 1.1 بلین ڈالر کے وسیع تر ترقیاتی پیکیج کا حصہ تھا۔ یہ ٹھیکہ حکومت سے حکومت کے طریقہ کار میں دیا گیا تھا کیونکہ چین نے سی پیک کے تحت منصوبوں کے لئے بلا سود قرض فراہم کیا تھا۔