واشنگٹن (این این آئی)غزہ میں جاری حالیہ کشیدگی اور اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باوجود امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں دلچسپی برقرار ہے۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب غزہ جنگ کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے یقین دلایا ہے کہ وہ غزہ جنگ کے بعد اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے۔دوسری جانب سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کی اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران اسرائیل فسلطین جنگ اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔