مرتضیٰ سولنگی سے سعودی سفیر کی ملاقات ،میڈیا اور مواصلات کے شعبے میں معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق

0
114

اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا اور مواصلات کے شعبے میں طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے نگراں وزیر اطلاعات سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم کے بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ابلاغیات کے شعبے میں باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا اور مواصلات کے شعبے میں طے شدہ معاہدات پر عمل درامد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزیدوسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں اسلامی تعاون تنظیم کے 12 نومبر کو ہونے والے اجلاس کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی عرب کی طرف سے اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس بلانے کا خیر مقدم کیا۔نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی رکن کے طور پر پاکستان او آئی سی کے قیام کے مقاصد اور اس کی مزید مضبوطی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا،امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ میں او آئی سی کے کردار کی تقویت اور اس ضمن میں سعودی عرب کے کردار کو سراہتے ہیں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سعودی سفیر نے نگران وزیر اطلاعات کو سعودی عرب کے دورے کی بھی دعوت دی۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔