پی ڈی ایم کی قیادت کے فیصلے پر من و عن عمل کریں گے،قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی

0
676

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے رہنماء و بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کار خیر ہے جس میں سب سے پہلے حصہ ڈالونگا، پی ڈی ایم کی قیادت کے فیصلے پر من و عن عمل کریں گے حکومت کچھ دن کی مہمان ہے جلد ہی اسکا خاتمہ ہونے والا ہے ، یہ بات انہوں نے منگل کو این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کی جا نب سے اسمبلیوں سے استعفیٰ پارٹی قیادت کے پاس جمع کروانے اعلان کار خیر ہے جس میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف کے طور پر سب سے پہلے حصہ ڈالونگا انہوں نے کہا کہ اس وقت کوئٹہ سے باہر ہوں جوں ہی کوئٹہ پہنچا پارٹی قیادت کو استعفیٰ ارسال کرونگا جبکہ پارٹی کے دیگر ارکان بھی قیادت کی ہدایت پر فل الفور استعفیٰ قیادت کو ارسال کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے تمام ارکان اسمبلی ایک پیج پر ہیں پی ڈی ایم کی قیادت نے جو بھی فیصلہ کیا اس پر ہم من وعن عمل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت نے عوام کو مسائل کا شکار کردیا ہے ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری، معاشی زبوں حالی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے بلوچستان میں ترقی کی صورتحال ابتر ہے یہاں پر منتخب ارکان کی بجائے غیر منتخب اور غیر متعلقہ افراد حکومتی اور ترقیاتی امور چلا رہے ہیں اپوزیشن کے حلقوں میں بے جا مداخلت ہے صوبے اور ملک کی عوام اب اس حکومت سے بیزار آچکے ہیں جلد ہی انہیں حکومت کے خاتمے کی خوشخبر ی ملنے والی ہے ۔