برآمدی مشاورتی کونسل کی مہارت اور رہنمائی کے تحت ہم اپنے برآمدی اہداف کو حاصل کر کے معیشت کو نمایاں فروغ دے سکتے ہیں، وزیر تجارت

0
95

اسلام آباد (این این آئی)نگران وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ برآمدی مشاورتی کونسل کی مہارت اور رہنمائی کے تحت ہم اپنے برآمدی اہداف کو حاصل کر کے معیشت کو نمایاں فروغ دے سکتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ برآمدی مشاورتی کونسل کے قیام کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کے مختلف شعبوں کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کونسل برآمدات کے فروغ کے لئے سفارشات پیش کرے گی اور غیر ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھانے کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کونسل کی مہارت اور رہنمائی کے تحت، ہم اپنے برآمدی اہداف کو حاصل کر کے معیشت کو نمایاں فروغ دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایکسپورٹ ایڈوائزری کونسل (نان ٹیکسٹائل) کے چیئرمین نگران وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز ہیں اور اس کونسل میں پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کے ممبران کو شامل کیا گیا ہے۔