بانی صدر پی ٹی آئی پنجاب اور عمران خان کے سگے چچا کے بیٹے سعید اللہ خان نیازی کا بانی راہنما اکبر ایس بابر کی حمایت کا اعلان

0
194

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور بانی رہنما میدان میں آگئے،بانی صدر پی ٹی آئی پنجاب اور عمران خان کے سگے چچا کے بیٹے سعید اللہ خان نیازی نے بانی راہنما اکبر ایس بابر کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔سعید اللہ خان میانوالی کی ممتاز شخصیت، عمران خان کے بہنوئی حفیظ اللہ نیازی کے بڑے بھائی اور نیازی قبیلے کے سربراہ بھی ہیں،سعیداللہ نیازی نے عمران خان کے مقابلے میں اکبر ایس بابر کی حمایت کا اعلان کردیا۔سعید اللہ نیازی نے کارکنوں کے نام وڈیو پیغام میں کہاکہ پی ٹی آئی کو جن مشکلات کا سامنا ہے، اس کی ذمہ داری پارٹی کی ناقص قیادت پر ہے ۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ پی ٹی آئی کا وجود خطرے میں ہے، پارٹی بنانے میں خون پسینہ دینے والے ورکرز کے لئے یہ صورتحال باعث تشویش ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کے سامنے ہمیشہ سچ بولا جو کڑوا ہوتا ہے ، آج نہیں تو کل یہ سچ دنیا کے سامنے آہی جائے گا ۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ پی ٹی آئی کو مزید تباہی سے بچانا چاہتے ہیں ، پی ٹی آئی کسی شخصیات کی ملکیت نہیں ۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ پی ٹی آئی کسی ایک شخص کو اقتدار میں لانے کے لئے نہیں بنائی تھی، پی ٹی آئی بنانے کا مقصد معاشرے میں بہتری لانا تھا، انتشار پھیلانا نہیں تھا۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ پارٹی ورکرز کو اپنے مفاد کے لئے استعمال کیاگیا ، نوجوانوں کو گمراہ کیاگیا جس میں خاندان کے بچے بھی شامل ہیں ۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ پی ٹی آئی کو بچانے کے لئے گزشتہ کل بھی اکبر بابر کے ساتھ کھڑا تھا، آج بھی ساتھ کھڑا ہوں ۔سعید اللہ نیازی نے کہاکہ اکبر ایس بابر ایک سچا اور مخلص شخص ہے، ہم سب کو مل کر پارٹی کو بچانا ہے، اصلاح کی طرف لیجانا ہے ،اللہ تعالی ہمیں اس مشن میں کامیاب کرے ۔