رواں سال اکتوبر میں پاکستان کی تل کی برآمدات 113 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں

0
217

بیجنگ (این این آئی) پاکستان نے اپنی تل کی برآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا ہے ، جو صرف اکتوبر 2023 میں 113.66 ملین امریکی ڈالر کی کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا کہ یہ اضافہ نہ صرف زرعی شعبے میں قوم کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ عالمی مارکیٹ کے تقاضوں سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق غلام قادر نے کہا کہ تل کی صنعت مسلسل پھل پھول رہی ہے، ماہرین اس قابل ذکر کامیابی کو سازگار آب و ہوا کے حالات، اسٹریٹجک زرعی پالیسیوں اور ماہر مارکیٹ پوزیشننگ کے امتزاج سے منسوب کرتے ہیں، برآمدات میں یہ اضافہ نہ صرف پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے بلکہ ملک کو بین الاقوامی تل مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر بھی کھڑا کرتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو تل کی برآمدات میں 100 فیصد اضافہ ہوا جو 170.06 ملین ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے (جنوری تا اکتوبر) میں پاکستان نے چین کو 84.67 ملین ڈالر مالیت کے تل بیج برآمد کیے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر میں پاکستان نے چین کو 113.66 ملین ڈالر مالیت کے 64711.149 ٹن تل برآمد کیے جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ 25.57 ملین ڈالر مالیت کا 16727.774 ٹن تھا۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے مطابق چین نے 2023 کے پہلے دس ماہ میں پاکستان سے 97069.705 ٹن تل کا بیج درآمد کیا جو حجم کے لحاظ سے 72.53 فیصد اضافہ ہے جس کی مالیت 170.063 ملین ڈالر ہے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 56,261.629 ٹن تھا جس کی مالیت 84.67 ملین امریکی ڈالر تھی۔ گوادر پرو کے مطابق واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان کی چین کو برآمدات 2.82 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں جو سال بہ سال 1.27 فیصد زیادہ ہیں۔