جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے، عمر عبداللہ

0
456

جموں(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ گورنر ہائوس ناگالینڈ کی ریاست کا دن منا کر جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ناگالینڈ کوریاستی حیثیت دینے کا دن جمعہ کو جموں کے گورنر ہائوس میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ستم ظریفی یہ ہے کہ ناگا لینڈ کی ریاست کا دِن یہاں منایا جاتا ہے جہاں ریاست کو ایک یونین ٹیریٹوری بنایا گیا ہے۔جموں و کشمیر کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہاں ہم گورنر ہائوس جموں میں ناگالینڈ کی ریاستی حیثیت کا دن مناتے ہیں۔جب جموں و کشمیر کی باری آتی ہے تو یونین ٹیریٹوری کا دن منایا جاتا ہے۔ عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں گورنر ہائوس میں ناگا لینڈ ریاست کا دن منانے پر شدید برہمی کااظہار کیا۔بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو دفعہ 370 ختم کرکے جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دوعلاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا تھا۔