نواز شریف کی وفد کے ہمراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات

0
251

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ اس موقع پر مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ، سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز ، رانا ثنا اللہ خان، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ ،مریم اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ ، بلال اظہر کیانی جبکہ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے چوہدری وجاہت حسین، چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف اور شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی صحت بارے دریافت کیا جبکہ اس موقع پر سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کے ساتھ آنے والے رہنما 40منٹ تک چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر موجود رہے ۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر ابتدائی مشاورت مکمل ہو چکی ہے ۔ مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ بہاولپور سے جبکہ چوہدری سالک حسین چکوال سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے اور یہاں پر مسلم لیگ (ن) اپنا امیدوار نہیں لائے گی ، دونوں حلقوں میں صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے ۔ چوہدری شافع حسین گجرات سٹی سے پنجاب اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں گے جبکہ قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کا امیدوار ہوگا ۔ذرائع کے مطابق دو صوبائی حلقوں کے لئے چوہدری شجاعت حسین جو نام دیں گے انہیں وہاں سے ایڈ جسٹ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری وجاہت حسین کے بیٹے چوہدری حسین الٰہی جو سابق وفاقی وزیر بھی رہے ہیں ان کی نشست کے حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی اور اس پر آنے والے دنوں میں بات کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان تقریباً15سال کے طویل وقفے کے بعد ملاقات ہوئی ہے ۔