وزیر اعلیٰ کا پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ، شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے

0
267

لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا۔ خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش تھا اورسسٹم سلو تھا۔ خدمت مرکز میں موجود شہریوں نے وزیر اعلی محسن نقوی کے سامنے لائسنس بنوانے کے لیے کئی کئی گھنٹے انتظار کرانے کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے خدمت مرکز کے باہر اور اندر موجود شہریوں سے ملاقات کی اور فردا فردا لائسنس بنوانے کے حوالے سے دریافت کیا۔ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے شہریوں نے بھی شکایت کی کہ ہمیں ٹیسٹ کے لئے 8، 8 گھنٹے انتظار پڑرہا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو موقع پر ہی فون کیا،سسٹم کو بہتر بنانے اور ہنگامی طور پر ٹیم خدمت مرکز بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے موقع پر ہی اعلان کیا کہ لائسنس بنوانے کا ٹوکن رکھنے والے شہری کا آئندہ 3 روز چالان نہیں ہو گا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے شہریوں کو تاخیر کے حوالے سے شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے ایشوز کے حل میں ذاتی دلچسپی وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے خدمت مرکز پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے پراسیس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے سائن ٹیسٹ دینے والے شہریوں کے لئے سسٹم کو بہتر اور فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لائسنس بنوانے کے عمل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں۔