اسلام آباد(این این آئی)وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز ایک اعلی سطح کے تجارتی وفد کے ہمراہ چین روانہ ہوگئے ۔ یہ دورہ رواں برس اکتوبر میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورے کے بعد کیاجا رہا ہے۔سرکاری بیان کے مطابق وفد کے دورے میں شامل شعبوں میں زرعی، الیکٹرک وہیکلز، ماربل، سیمنٹ، فرٹیلائزر، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل، گھریلو آلات، شیشہ، کیمیکل اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔ پاکستان کے کاروباری شعبے کی نمائندگی کرنے والا یہ وفد تجارت اور سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کی تشکیل کے لیے چین میں اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
سرکاری دورے کے موقع پر، وفد کے ارکان کے لیے بی ٹوبی ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پاکستانی وفد کے بیجنگ میں چینی وزارت تجارت، مختلف مصنوعات کی ایسوسی ایشنز، چائنا چیمبر آف کامرس فار امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔وفد کے اراکین سرکاری فوڈ پروسیسنگ ہولڈنگ کمپنی کوفکو کے سی ای او سے بھی ملاقات کریں گے۔ ویفانگ اسٹیل گروپ کا ایک وفد بھی وزیرتجارت سے ملاقات کرے گا۔ کمپنی ایگریٹیک، فوڈ پروسیسنگ، کھاد اور خوردنی تیل میں مہارت رکھتی ہے۔
وفد بیجنگ کے قریب ٹیکنالوجی کے بڑے مرکز زونگ گوان کون کا بھی دورہ کرے گا جسے چین کی سیلیکون ویلی بھی کہا جاتا ہے۔ وزیر چینگڈو سینچری انٹینڈنگ انویسٹمنٹ مینجمنٹ کی انتظامیہ سے ملاقات کرنے والے ہیں جو ایک جامع صنعتی سرمایہ کاری مینجمنٹ کارپوریشن ہے۔ سینٹینکو نے گوادر میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی ترقی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
وفاقی وزیر بزنس نیٹ ورکنگ ڈنر میں بھی شرکت کریں گے جس میں ایک سو سے زائد چینی کاروباری اداروں کی شرکت کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر تجارت کی خصوصی دعوت پر عالمی تجارتی تنظیم کے وزارتی اجلاس میں وزیرتجارت آن لائن شرکت کریں گے۔
پاکستانی وفد سوزو شہر کا بھی دورہ کرے گا، جو جیانگ سو صوبے میں شنگھائی کے قریب واقع ہے، اور مشرقی چین کا ایک اہم تجارتی اور صنعتی مرکز ہے۔ یہ پاکستان کے کسی وزیر تجارت اور پاکستان کے کسی وفد کا پہلا دورہ ہے۔ یہ صوبائی سطح پر چینی مینوفیکچرنگ ہب کے ساتھ منسلک کرنے کی وزارت تجارت کی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے۔
سوزو کی جی ڈی پی 300 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ شہر کی درآمدات 153 ارب جبکہ برآمدات 230 ارب ڈالر ہیں۔ اس کے متعدد کاروبار ہیں جو دوسرے ممالک میں منتقل ہونے کے خواہاں ہیں۔ ملاقاتوں کے علاوہ وفد سوزو میں چانگشو گارمنٹس ٹان کا دورہ کرے گا۔ وزیرتجارت گوہر اعجاز چانگشو ‘ون بیلٹ اینڈ ون روڈ’ سینٹر کی نقاب کشائی میں بھی حصہ لیں گے۔
چین روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے گوہراعجاز نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے کے اگلے قدم کے طور پر نجی شعبے کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کی کلید ہیں۔ وزیر تجارت چینی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بینرتلے غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سہولیات اوراقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے فریم ورک کے تحت زراعت، کان کنی، نئی توانائی، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں پر توجہ دے رہا ہے۔