عمران خان امریکی سفارتکار کو بلوا کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں، بابر اعوان

0
237

اسلام آباد (این این آئی)رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان امریکی سفارت کار کو عدالت بلوا کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکا کو دئیے گئے انٹرویو میں بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی صورت انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، پارٹی انتخابات کی حکمتِ عملی وضع کرچکی، ہم ہرحلقے میں اْمیدوار کھڑے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے جمہوریت سے حقیقی آزادی دلوائیں گے لہٰذا انتخابات کے بائیکاٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مانگتے صرف انتخابی مہم چلانے دی جائے۔بابر اعوان نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط کے بعد پی ٹی آئی کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، عمران خان انتخابات میں حصہ لیں گے، ان کی نااہلی کا تاثردرست نہیں، وہ الیکشن میں ہوں گے اورانتخابی نشان بلا ہوگا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں اب بھی الیکشن سے بھاگ رہی ہیں، مولانا فضل الرحمان سے کہوں گا الیکشن کا ماحول نہیں وقت ہوتا ہے، مقدمات سے عمران خان کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن وقت پرانتخابات کی ذمہ داری نبھائیں، اشتہاری رہنما سامنے آکر انتخابات میں حصہ لیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے امیدوار کا خود پیش ہونا لازمی نہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے میں امریکی مداخلت کے موقف پرقائم ہے، لہٰذا عمران خان امریکی سفارت کار کو بلوا کر اپنی بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پارٹی کے اصل فیصلہ ساز عمران خان ہی ہیں، نئے چیئرمین کا انتخابات صرف قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے کیا، البتہ چاہتا ہوں نواز شریف کے مقابلے میں الیکشن لڑوں۔