فیض آباد دھرنا کمیشن نے شہباز شریف کو تین جنوری کو طلب کر لیا

0
190

اسلام آباد(این این آئی)فیض آباد دھرنا کیس کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے انکوائری کمیشن نے تین جنوری کو سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کو طلب کر لیا۔ذرائع کے مطابق کمیشن نے شہباز شریف کو 3 جنوری کو بیان قلمبند کروانے کے لیے طلب کیا ہے،شہباز شریف کو سابق وزیرِ اعلی پنجاب کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے۔انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ 22 جنوری کو سپریم کورٹ میں جمع کرانی ہے۔اس سے قبل کمیشن سابق وزیر احسن اقبال، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کیا تھا جبکہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کمیشن میں طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے جس پر انہیں دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ نومبر 2023 میں وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل (آئی جی)اختر علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا، جن میں سابق آئی جی طاہر عالم اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ خوشحال خان بھی شامل ہیں۔