ترکیہ نے بھی ثبوت عالمی عدالت کے سامنے پیش کر دئیے

0
162

استنبول (این این آئی)ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ترکیہ نے فلسطینی شہریوں کے خلاف نسل کشی کے ارتکاب کے الزام میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی طرف سے دائر مقدمے کے لیے دستاویزات جمع کرائی ہیں۔استنبول میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایردوآن نے کہا کہ ترکیہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں دستاویزات زیادہ تر تصاویر فراہم کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وہاں اسرائیل کو سزا سنائی جائے گی۔ ہم بین الاقوامی عدالت انصاف کے انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے ترک صدر کو “ایک ایسے ملک کا سربراہ قرار دیا جس نے ماضی میں آرمینیائی باشندوں کی نسل کشی کی اور اس نے اسرائیل پر “بے بنیاد الزامات” عائد کیے ہیں۔اسرائیل ان 30 سے زیادہ ممالک میں شامل نہیں ہے جنہوں نے 1915 میں عثمانی ترکوں کے ہاتھوں آرمینیائی باشندوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو نسل کشی قرار دیا تھا۔ترکیہ جو 1923 میں سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد ایک جمہوریہ بنا نے ہمیشہ آرمینیائی باشندوں کو ختم کرنے کے لیے منظم مہم چلانے سے انکار کیا ہے۔ اسرائیل نے بین الاقوامی عدالت انصاف کے ججوں سے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی طرف سے اس کے خلاف لائے گئے نسل کشی کے مقدمے کو ختم کر دیں۔دوسری طرف جنوبی افریقہ نے اقوام متحدہ کی عدالت سے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی مہم کو فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کرے۔