لاہور( این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اورصوبائی وزرا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں پر ہونیو الی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے بیڈز اور دیگر سامان ہسپتال کے باہر پڑا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہسپتال کے سامان کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات نہ کرنا غفلت ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو فوری طورپر سامان کو محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کاحکم دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری کاموں کا مشاہدہ کیا اور ہدایت کی کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے۔ کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایاجائے، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، منصور قادر، عامر میر، بلال افضل، مشیر وہاب ریاض، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ، آر پی او گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔