چینی زبان اور ثقافت کا فروغ ، ایل سی آئی اے اور لمز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
177

لاہور( این این آئی)لاہور چائنیز انٹرنیشنل اکیڈمی(ایل سی آئی اے )نے پاکستان میں چینی زبان سیکھنے اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز)کے سینٹر فار چائنیز لیگل اسٹڈیز کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان پہلے سے مضبوط تعلقات کو مضبوط تربنانا ہے، خاص طور پر تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں۔ توقع ہے کہ اس سے پاکستان بھر کے ہزاروں طلبا مستفید ہوں گے، جس سے وہ چینی زبان سیکھ سکیں گے اور وسیع پیمانے پر ثقافتی تجربات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ یہ پاکستانی حکومت کی لسانی تنوع کو فروغ دینے اور خطے میں ایک اہم شراکت دار چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق لمز میں سینٹر فار چائنیز لیگل اسٹڈیز پاکستان میں چینی قانون اور ثقافت کے مطالعے کو فروغ دینے میں ایک نمایاں آواز رہا ہے۔ اس ایم او یو کے تحت مرکز ایل سی آئی اے کے ساتھ مل کر پاکستانی طلبا اور فیکلٹی ممبران کو چینی زبان کے کورسز، چینی مہارت کے ٹیسٹ اور سرٹیفکیٹ امتحانات، ثقافتی ورکشاپس، تجربے کے تبادلے اور تدریسکے طریقوں کی پیشکش کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کی اعلی انتظامیہ نے شرکت کی۔ ایل سی آئی اے کی نائب صدر محترمہ ہی یوبنگ اور لمز میں چائنیز لیگل اسٹڈیز سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سکندر شاہ نے دونوں اداروں کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔