صنعا(این این آئی )یمن کے لیے امریکی نمائندے ٹم لینڈرکنگ نے کہا ہے کہ ہمارے حوثیوں پر یمن میں حملے بڑے کامیاب جا رہے ہیں، تاہم حوثیوں نے بحیرہ احمر میں حملے روک دیے تو ہم بھی اپنے حملے روک دیں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویومیں امریکی نمائدے نے کہا اگرچہ ہماری حوثیوں کی فوجی قوت کو کمزور کر دینے کی صلاحیت بھر پور کامیاب ہے، ہم اسے جاری بھی رکھ سکتے ہیں اور روک کر واپس امن کی طرف بھی جا سکتے ہیں۔۔ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے ماہ نومبر سے اب تک بحیرہ احمر میں چالیس تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حوثیوں کو کہنا ہے کہ ان کے یہ حملے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہزاروں ہلاکتوں اور غیر معمولی تباہی کے خلاف ہے۔ ہم ان حملوں کو غزہ میں جنگ بندی کی صورت روک دیں گے۔ٹم لینڈرکنگ کا کہنا تھاکہ ہماری افواج پیشہ ورانہ اہلیت و مہارت کی حامل ہیں وہ اپنے حوثیوں کے حوالے سے شناخت کردہ اہداف کو کامیابی سے تباہ کر رہی ہیں۔امریکی نمائندے نے کہا کہ حوثیوں کا غزہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ان کا کہنا تھاکہ میرا پچھلے ہفتے خلیجی ملکوں کا دورہ بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں کشیدگی کم کرنے کی غرض سے تھا۔