پاکستان تحریک انصاف کی اوّلین وابستگی دستور، جمہوریت اور قومی مفاد سے ہے، ترجمان تحریک انصاف

0
160

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان تحریک انصاف نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی اوّلین وابستگی دستور، جمہوریت اور قومی مفاد سے ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے میں سہولت کاری کرکے اس سے فائدہ اٹھانیوالی پیپلزپارٹی، نون لیگ اور ایم کیو ایم کے علاوہ مزاحمت پر آمادہ تمام جماعتوں سے بات چیت کررہے ہیں۔ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے دیگر سیاسی قائدین سے روابط کی بنیاد عوام کے ووٹ کے تحفّظ کا ”یک نکاتی ایجنڈا” ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسی ”یک نکاتی ایجنڈے” کے تحت مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر سیاسی قائدین سے روابط سے ظاہر ہے کہ تحریک انصاف اس اصولی معاملے پر اپنے شدید ترین سیاسی مخالفین سے بھی معاملہ سازی پر آمادہ و تیار ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ اپنے بنیادی دستوری فرض کی انجام دہی میں ناکام اور مینڈیٹ کی چوری میں مرکزی سہولت کار چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن اراکین کے استعفیٰ ووٹ کی حرمت کی بحالی کی بنیادی ضرورت ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق اقتدار کے حصول کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے معاشی و سیاسی استحکام کیلئے عوامی مینڈیٹ چْرانے جیسے گھناؤنے اقدام کیخلاف تحریک کو وقت کی اوّلین ضرورت سمجھتے ہیں۔ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ کسی کو ووٹ کی حرمت پامال کرکے اقتدار پر قابض ہونے کی اجازت نہیں دیں گے اور عوام کے ووٹ کے احترام اور اس کی فیصلہ کن حیثیت کو ہر حال میں بحال کروائیں گے۔