پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلی سندھ منتخب

0
405

کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلی سندھ منتخب ہو گئے۔اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا، پاکستان پیپلزپارٹی کے نادر مگسی جو جیپ ریلی میں شرکت کی وجہ سے حلف نہیں لے سکے تھے، ان کا حلف لیا گیا۔پولنگ شروع کرنے سے قبل اراکین اسمبلی کو بلانے کیلئے 5 منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں۔قاعدے کے مطابق وزیراعلی کے انتخاب کے لیے ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جو اب سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں، نے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔قبل ازیں، مراد علی شاہ ایوان میں پہنچے، اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ ایوان میں قائد ایوان کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا تو دروازے بند کردیے گئے ہیں۔پی پی پی امیدوار مراد علی شاہ اور ایم کیوایم کے علی خورشیدی کیلئے الگ الگ لابی مختص کی گئی ہے، ووٹ کیلئے کارڈ لینے کے بعد ارکان لابی میں گئے۔مراد علی شاہ سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی دفعہ 112 لیکر کامیاب ہوئے، مراد علی شاہ دو تہائی اکثریت سے وزیراعلی سندھ بنے جبکہ ایم کیو ایم کے علی خورشیدی کو36 ووٹ ملے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے مراد علی شاہ کو صوبے کا 25واں وزیر اعلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔نگران وزیراعلی جسٹس (ر) مقبول باقر دیگر نگران کابینہ اراکین کے ساتھ گیلری میں موجود رہے۔سید مراد علی شاہ 25ویں وزیراعلی سندھ منتخب ہوئے ہیں، اس منصب پر ان کے والد عبداللہ شاہ بھی فائز رہ چکے ہیں۔11 اگست 1962 کو کراچی میں پیدا ہونے والے مراد علی شاہ نے 1985 میں این ای ڈی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری لی اور 1987 میں امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے سول سٹرکچرل انجینئرنگ میں ماسٹر کیا۔مراد علی شاہ نے سیاست کا باضابطہ آغاز 2002 میں کیا۔ وہ اسی برس سندھ اسمبلی کے رکن بنے، انہیں پارلیمانی پارٹی کا ڈپٹی لیڈر بنایا گیا۔وہ 2028 سے 2016 تک صوبائی وزیر رہے جبکہ جولائی 2016 میں مراد علی شاہ پہلی بار وزیراعلی سندھ بنے، دوسری بار 2018 میں اس منصب کی ذمے داری سنبھالی۔نو منتخب وزیراعلی سندھ 2008، 2013، 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں رائے شماری کے ذریعے سید اویس قادر شاہ اسپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر آغا سراج درانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے حمایت یافتہ 9 آزاد اور جماعت اسلامی کے ایک رکن سے حلف لیا تھا۔نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے پہلے اسپیکر اور پھر ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 147 ووٹ کاسٹ ہوئے، اویس قادر شاہ نے 111 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کی مدمقابل ایم کیو ایم کی صوفیہ شاہ نے 36 ووٹ حاصل کیے تھے۔