اسلام آباد (این این آئی)نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے نومنتخب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی ہال کا دورہ کیا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام نے نگراں وفاقی وزیر کو قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی جی میڈیا نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کی سہولت کے لئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کی رجسٹریشن، ان کے لئے ضروری دستاویزات کی تیاری اور قومی اسمبلی کے ضروری قواعد و ضوابط سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نومنتخب اراکین کے لئے اسمبلی ہال میں نشستوں کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے نومنتخب اراکین اسمبلی کی سہولت کے لئے پارلیمنٹ ہائو س میں قائم فیسلی ٹیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود عملہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو فیسلی ٹیشن سینٹر کے امور اور نومنتخب اراکین اسمبلی کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔